ممبئی،2جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر کی آمدنی وزیر ایکناتھ کھڑسے کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کے سلسلے میں تحقیقات اور ریاستی کابینہ سے انہیں ہٹائے جانے کی مانگ کو لے کر آپ کی سابق لیڈر انجلی دمانیا نے آج بھوک ہڑتال شروع کی۔یہاں کے آزاد میدان میں پہنچ کر اپنی بھوک ہڑتال شروع کرنے سے پہلے کل انجلی نے سماجی کارکن انا ہزارے سے دعالینے کے مقصد سے ان سے ملاقات کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات6 ماہ کے اندر مکمل ہوں اور کیس کی سماعت فوری عدالتوں میں ہو۔انجلی نے کہاکہ کھڑسے کے خلاف بدعنوانی کے کئی الزامات ہیں اور حکومت کو اس سلسلے میں کارروائی کرنی چاہئےَمیں نے انا سے ملاقات کی اور انہیں کھڑسے کے خلاف تمام دستاویزات دکھائے،انا نے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور انہوں نے مجھے یقین دلایاکہ وہ وزیراعلیٰ سے بات کریں گے اور یہ معاملہ ان کے نوٹس میں لائیں گے۔اپنی بھوک ہڑتال شروع کرنے سے پہلے میں نے ان کی دعا ء بھی لی۔انہوں نے کہا کہ جب تک وزیراعلیٰ مجھے تحریری طور پر یہ یقینی نہیں بنا دیتے کہ کھڑسے کے خلاف6 ماہ میں تفتیش مکمل ہو جائے گی، تب تک میں اپنی بھوک ہڑتال کو چھوڑوں گی نہیں۔سماجی کارکن نے الزام لگایا کہ کھڑسے کے داماد نے اپنی گاڑی لموجن میں ردوبدل کے لئے علاقائی ٹرانسپورٹ آفس(آر ٹی او)سے مناسب اجازت لئے بغیرقانون کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے کہا کہ ایسے الزامات ہیں کہ انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی رہائش گاہ سے کھڑسے کے پاس فون آئے تھے۔